کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں گرینڈ الائنس کے عہدیداروں و ملازمین کے گھروںپر چھاپے ، گرفتاریوں ، لیکچرارز کومعطل کرنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ عوامی حکومت ہونے کے دعویدار بلوچستان کومارشل لاء طرز پر چلا رہے ہیں
حکومت نے گرینڈ الائنس کے ساتھ مذاکرات اور پر وعدے تو کئے مگر وعدوں سے روگردانی کرتے ہوئے مطالبات پر عملدرآمد کی بجائے چھاپوں ، گرفتاریوں کے ذریعے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کررہے ہیں
گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم سے ملازمین متحد ہو کر سراپا احتجاج ہیں بلوچستان میں جس طرح دوسرے مسائل کے حل کیلئے طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے اب ملازمین کے خلاف بھی طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے بلوچستان کے معاملات کو حکمران غیر جمہوری طور پر چلانا چاہتے ہیں
جو کسی بھی صورت درست اقدام نہیں ملازمین کوانتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا روٹی کپڑا اور مکان کے دعویداروں کو زیب نہیں دیتا ان کی سندھ میں پالیسی کچھ اور بلوچستان میں پالیسی کچھ ہے اب نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ مقدمات ، ذہنی کوفت سے دوچار کرنے کیلئے ملازمین کے خلاف مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں
بلوچستان کے تمام مکتبہ فکر ، قومی جمہوری جماعتیں ملازمین کے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کرر ہے ہیں اور حکومت ٹھس و مس نہیں ہو رہی ہیں جس سے ثابت ہو چکا ہے کہ عوامی حکومت کے دعویدار دعوں تک ہی ہیں بیان میں کہا گیا کہ فوری طور پر ملازمین کے مطالبات کئے جائیں اور ناروا سلوک ، مقدمات ، گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرتے ہوئے گرفتار ملازمین کو رہا کیا جائے ۔