|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2026

کوئٹہ:  تاریخی میونسپل کمیٹی گوادر کی شانداربحالی ومولاناہدایت الرحمن بلوچ کے ہاتھوں افتتاح تاریخی ورثے کی حامل میونسپل کمیٹی گوادر کی عمارت کو ازسرِنو مرمت،تزئین وآرائش اورجدیدتقاضوں کے مطابق بحال کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔اس موقع پر ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی

جس میں سیاسی،انتظامی، سماجی اور ادبی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن تھے دیگرمہمانان گرامی میں ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، سیاسی و سماجی شخصیت حسین واڈیلہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی جیونی اکرم حیات شہزادہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل افضل شہزادہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مکتوم موسی، سابق ضلعی ناظم بابو گلاب، سابق چیئرمین عابد رحیم سہرابی، آر سی ڈی کونسل کے صدر عبدالغنی نوازش، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیہند ہوت، اشرف حسین، خدابخش ہاشم، ماسٹر عبدالعزیز،ناگمان عبدال سمیت سرکاری افسران،سیاسی رہنما اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

میونسپل کمیٹی گوادر کی بحال شدہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور حسین واڈیلہ نے مشترکہ طور پر کیاجس کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔تقریب کے دوران بلدیہ گوادر پر تیار کی گئی ایک معلوماتی دستاویزی فلم پیش کی گئی، جبکہ میونسپل کمیٹی کی جدید موبائل ایپلیکیشن کی باضابطہ رونمائی بھی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر معروف بلوچی شاعر سید ظہور شاہ ہاشمی کی آواز میں نظم پیش کی گئی جسے امیر علی نے ترنم کے ساتھ پیش کر کے حاضرین سے بھرپور دادوصول کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ،ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ،ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن،سیاسی و سماجی شخصیت حسین واڈیلہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجدجوہر،سابق ضلعی ناظم بابو گلاب، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مکتوم موسی اور سماجی رہنما ماسٹر عبدالعزیز نے کہا کہ میونسپل کمیٹی گوادر کی تاریخی عمارت کی بحالی اجتماعی کاوشوں، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کا عملی مظہر ہے۔مقررین نے کہا کہ ماضی میں بلدیہ کی خستہ حالی پر تنقید ضرور کی گئی، تاہم آج اس عمارت کی جدید خطوط پر بحالی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ نیک نیتی، دیانت داری اور شفاف قیادت کے ذریعے اداروں کو مثر اور فعال بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہوتے ہیں،

اسی لیے بلدیہ گوادر کو ایک عوام دوست ادارہ بنایا جائے گا جہاں شہریوں کو عزت و سہولت کے ساتھ سنا جائے گا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔مقررین نے مزید کہا کہ گوادر اب سرمائی دارالحکومت بن چکا ہے اور آبادی میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر میونسپل کمیٹی کو اپ گریڈ کر کے میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت کو سفارشات ارسال کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں پانی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات پر خطیر رقوم خرچ کی گئیں، تاہم بہتر منصوبہ بندی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور شفاف نظام کے ذریعے گوادر کو ایک صاف،سرسبز اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ گوادر کا آئندہ ہدف کلین اور گرین گوادر ہیجس کے تحت فائر بریگیڈ سمیت بلدیاتی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، نئی بھرتیاں عمل میں لائی جائیں گی اور ہر وارڈ میں ٹف ٹائل سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیہ،ضلعی انتظامیہ جی ڈی اے اوردیگرمتعلقہ ادارے باہمی تعاون سے گوادر کی صفائی،خوبصورتی اور مجموعی ترقی کے لیے اپنا مثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نمائندوں کے عہدے کمیشن خوری یا ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ خالصتا عوامی خدمت کے لیے ہوتے ہیں، اور گوادر کی ہمہ گیر ترقی کے لیے اتحاد، اتفاق اور اجتماعی ذمہ داری ناگزیر ہے۔تقریب میں نظامت کے فرائض عابد جی ایم نے انجام دیے۔