|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2026

گوادر:گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈز سپورٹ پراجیکٹ (جی ایل ایل ایس پی) کے تحت این آر ایس پی گوادر کے زیراہتمام پاک چائنہ ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیوٹیوٹ کے احمد بخش لہڑی آڈیٹوریم ہال میں جی ایل ایل ایس پی پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے (GLLSP-II) میں 182 ہنرمند نوجوانوں میں ٹول کٹس (اوزار) تقسیم کیے گئے۔
ٹول کٹس کی تقسیم تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ تھے۔ جبکہ دیگر شرکاہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ چیئرمین شے مختار، چیئرمین بلدیہ ماجد جوہر، چمبر آف کامرس کے نمائندے خالد سیف، مختلف سرکاری ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران و سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جبکہ جی ایل ایل ایس پراجیکٹ منیجمنٹ کی طرف سے مانیٹرنگ آفیسر حمزہ نسیم اور این آر ایس پی کی جانب سے فیلڈ یونٹ انچارج نصیر احمد، انجینئر ہاشم اقبال نے شرکت کی۔
گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈز سپورٹ پراجیکٹ کے تحت پاک چائنہ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ گوادر یونیورسٹی کے ذریعے گوادر کے 900 نوجوانوں کو مختلف پیشوں میں تربیت سازی کے ذریعے ہنرسازی کی جارہی ہے۔ جبکہ تربیت کے بعد منتخب نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے پیشے سے منسلک ٹول کٹس (اوزار) بھی پراجیکٹ کی طرف سے فراہم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہنر مند نوجوان ہی معاشرے کو آگے لے جاسکتے ہیں اور اس طرح کی منظم تربیت سے بے روزگاری اور نااُمیدی کا خاتمہ ہوگا۔ پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پرو وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی ڈاکٹر سید منظور احمد نے کہا کہ پی سی ٹی وی آئی (PCTVI) پاکستان کے بہترین اداروں میں شامل ہے اور اس ادارے سے سینکڑوں نوجوان مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کررہے ہیں اپنا روزگار تخلیق کررہے ہیں۔ جی ایل ایل ایس پی پراجیکٹ کے تحت 900 نوجوانوں کو تربیت فراہم کرکے مارکیٹ میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں جو کہ ایک خوش آئند اور قابل ستائش اقدام ہے۔
ریجنل منیجر این آر ایس پی نبیل بلوچ نے گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈ سپورٹ پراجیکٹ کے بارے میں شرکاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر (IFAD) حکومت بلوچستان ساتھ مل کر گوادر اور لسبیلہ کے ایک لاکھ سے زائد غریب گھرانوں کی ترقی اور فلاح کے لیے سرمایہ کاری کررہی ہے۔ جی ایل ایل ایس پی پراجیکٹ کے تحت گوادر اور لسبیلہ کے دونوں اضلاع میں دو ہزار لڑکے اور لڑکیوں پر مشتمل نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دے کر روزگار فراہم کرنے کے مواقع دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں پاک چائنہ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ تربیت سازی کے لیے بہترین ادارہ ہے کہ جہاں سے یہ نوجوان جو کہ مختلف غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں تربیت حاصل کررہے ہیں اور مستقبل میں اپنے لیے روزگار کے ذرائع پیدا کررہے ہیں۔
گوادر لسبیلہ لائیولی ووڈز سپورٹ پراجیکٹ حکومت بلوچستان کا انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر (ایفاد) کے مالی تعاون سے پانچ سالہ منصوبہ ہے کہ جس کے ذریعے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کے شعبے میں فروغ اور غربت کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔