|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2026

کوئٹہ:  جماعت اسلامی بلوچستان کے زیرِ اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں کے نظام کو مزید منظم، موثر اور معیاری بنانے کے لیے ایک اہم مشترکہ اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس کی صدارت امیرِ جماعتِ اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کی۔

اجلاس میں جماعت اسلامی کے تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور امرا اضلاع نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر تعلیمی بورڈ طیب فرید خان نے جماعتِ اسلامی بلوچستان کے تعلیمی اداروں کے لیے نئی جامع تعلیمی پالیسی پیش کی،

جس میں مرکزی نظام، تربیتی فریم ورک، انتظامی ڈھانچہ اور مانیٹرنگ کے واضح اصول شامل تھے۔

اجلاس کے شرکا نے پالیسی کے مختلف نکات پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اجلاس میں امیر جماعت و ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے تحت الہدی اسکولز سسٹم کے نام سے پورے صوبے میں مرحلہ وار نئے تعلیمی ادارے قائم کیئے جائیں گے، جبکہ موجودہ اداروں کو تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور تربیت کے اعتبار سے مثالی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا تعلیمی نظام محض ڈگریوں تک محدود نہیں بلکہ کردار سازی، فکری تربیت اور اسلامی اقدار کے فروغ کا موثر ذریعہ ہوگا۔ اجلاس میں شریک تمام پرنسپلز اور امرا اضلاع نے نئی تعلیمی پالیسی اور مستقبل کے تعلیمی منصوبے کی بھرپور تائید کی اور اسے جماعتِ اسلامی کے تعلیمی وژن کی درست سمت قرار دیا۔ شرکا اجلاس نے بتایا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے تعلیمی اداروں کو ایک مضبوط، منظم اور ہم آہنگ نظام کے تحت لانے کی جانب ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا۔