|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2026

کوئٹہ : قائمقام گورنر بلوچستان غزالہ گولہ نے کہا ہے کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف ہیں، انہیں یکساں مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ہی ہم ان تمام پوشیدہ صلاحیتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لا سکتے ہیں۔

بلوچستان کی خواتین ذہانت اور قابلیت میں کسی بھی طرح دوسرے صوبوں کی خواتین سے کم نہیں ہیں لیکن غربت اور ضروری سہولیات کی عدم دستیابی ان کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

مواقع کی کمی دراصل ہماری خواتین کو اپنی پوری صلاحیت تک پہنچنے سے روکتی ہے۔

موجودہ حکومت صوبے کی تمام خواتین کی ترقی اور ان کیلئے تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سیکرٹری وویمن ڈیویلپمنٹ سائرہ عطا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان غزالہ گولا نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ہماری خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ معاشی طور پر خود مختار عورت ہی اپنے اور دیگر خواتین کے حقوق اور اختیارات کے حصول کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ قبل ازیں سیکرٹری وویمن ڈیویلپمنٹ سائرہ عطا نے انہیں قائممقام گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔