کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ فارم 47 کی بنیاد پر مسلط کی گئی حکومت نے ایک بار پھر کوئٹہ کو کنٹینرز لگا کر بند کر کے شہر کو عملی طور پر جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
گرینڈ الائنس کے ملازمین کے پرامن، آئینی اور جمہوری احتجاج پر وحشیانہ پولیس گردی، تشدد اور بلاجواز گرفتاریوں کے ذریعے حکومت نے فسطائیت کی بدترین مثال قائم کر دی ہے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ اپنے بنیادی اور جائز حقوق کے لیے نکلنے والے ملازمین پر لاٹھیاں برسانا، گھسیٹ کر گرفتار کرنا اور شہر کو بیروت بنانے کی روش اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکمران عوامی آواز سے خوفزدہ ہو چکا ہے۔
یہ طرزِ عمل جمہوریت نہیں بلکہ آمریت کی کھلی علامت ہے۔
مرکزی ترجمان نے کہا گرفتار ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے پولیس گردی میں ملوث احکامات کے خلاف کارروائی کو عمل میں لایا جائے اور گرینڈ الائنس کے مطالبات کو حل کیا جائے۔