کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی،
جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے میں انسانی ترقی، مفادِ عامہ، انسانی حقوق، افغان مہاجرین کے معاملات، موسمیاتی تبدیلیوں اور ترقیاتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے وفد نے بلوچستان میں کم عمری کی شادی کی ممانعت سے متعلق قانون سازی، یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام، ویمن انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور انسانی حقوق و مفادِ عامہ سے متعلق اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومتِ بلوچستان کو ان کامیاب قانون سازیوں پر مبارکباد دی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو موسمیاتی تبدیلیوں اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم حکومتِ بلوچستان نے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی ہے، جس کے نتیجے میں صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے بلوچستان میں پہلی مرتبہ کلائمیٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو ایک تاریخی اور دور رس اقدام ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی تارکین وطن کے انخلاء کے حوالے سے حکومتِ بلوچستان وفاقی پالیسیوں پر مکمل عمل درآمد کر رہی ہے، اور اس عمل کے دوران صوبائی انتظامیہ کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ خواتین، ضعیف العمر افراد اور بچوں کے ساتھ خصوصی رعایت اور احترام کا برتاؤ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انخلاء کے پورے عمل کے دوران خواتین کو ہراسگی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جو حکومتِ بلوچستان کی مؤثر نگرانی اور حساس طرزِ حکمرانی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی روایات مہمان نوازی اور قبائلی اقدار پر مبنی ہیں، اور سندھ و پنجاب سے بلوچستان کے راستے انخلاء کیے جانے والے افغان مہاجرین کی حکومتِ بلوچستان بھرپور میزبانی کر رہی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اقوام متحدہ بالخصوص یو این ایچ سی آر کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت،سولرائزیشن اور دیگر عوامی شعبوں میں اقوام متحدہ کی شراکت داری قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر کی جانب سے ایک ارب روپے مالیت کی 48 شمسی توانائی سے چلنے والی عوامی سہولیات حکومتِ بلوچستان کے حوالے کیا جانا صاف توانائی کے فروغ، ادارہ جاتی استحکام اور عوامی خدمات کی پائیداری کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے،
جس سے افغان مہاجرین کے ساتھ ساتھ مقامی میزبان آبادی بھی مستفید ہو رہی ہے اس موقع پر یو این ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ فلپا کینڈلر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمات کے تسلسل اور ان اداروں کے استحکام کے لیے قابلِ اعتماد توانائی ناگزیر ہے جو افغان مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز دونوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر کے طور پر ہم اس جذبہ ہمدردی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے رہیں گے
کہ مہاجرین کی ضروریات، وقار اور تحفظ کو ہر حال میں مرکزی حیثیت حاصل رہے، جبکہ ساتھ ہی ساتھ تمام طبقات کے لیے عوامی خدمات کو مشترکہ طور پر مزید مضبوط بنایا جائے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے بلوچستان میں اصلاحاتی اقدامات، انسانی حقوق کے تحفظ اور افغان مہاجرین کی میزبانی کے حوالے سے حکومتِ بلوچستان کے کردار کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ملاقات میں شریک وفد میں یو این ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ فلپا کینڈلر، آئی او ایم کی کنٹری نمائندہ ساتو میو، یو این ایچ سی آر سب آفس کے سربراہ تیسفائے بیکلے، کمشنر افغان ریفیوجیز ارباب طالب المولا، یو این ایچ سی آر کے سینئر پروٹیکشن آفیسر ارکادی لیبووسکی، ایسوسی ایٹ رپورٹنگ آفیسر مہوش سعید، ایسوسی ایٹ ایکسٹرنل ریلیشنز آفیسر قیصر خان آفریدی اور اسسٹنٹ پروگرام آفیسر جلال خان بھی شامل تھے