کچھی : ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر مچھ میر لیاقت علی جتوئی نے ضلع کچھی کے علاقے بولان گوکرت میں منشیات کے خلاف ایک مؤثر اور بھرپور کارروائی عمل میں لائی کارروائی کے دوران تقریباً چار ایکڑ رقبے پر غیرقانونی طور پر کاشت کی گئی پوست کی فصل کو مکمل طور پر اکھاڑ کر تلف کر دیا گیا۔
انتظامیہ کو خفیہ ذرائع سے مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ مذکورہ علاقے میں ممنوعہ فصل کی کاشت کی جا رہی ہے جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مچھ نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی قیادت کی اس دوران پوست کی فصل کو مکمل طور پر ضائع کیا گیا جبکہ زمین کے مالک کو موقع سے گرفتار کر لیا گیاانتظامیہ کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کچھی میں منشیات کی کاشت ترسیل اور پھیلاؤ کے خلاف ضلعی انتظامیہ زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے
اور کسی بھی فرد یا گروہ کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی ایسی غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ عوام کے تعاون سے معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔