کراچی : برٹش کونسل کراچی میں ویمن آف دی ورلڈ (WOW) پاکستان فیسٹیول 2026 کی میزبانی کرے گی، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں WOW فیسٹیول کے دس سال مکمل ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں دو روزہ فیسٹیول 24 اور 25 جنوری 2026 کو بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں منعقد ہوگا۔
یہ فیسٹیول برٹش کونسل، WOW فاؤنڈیشن، اقوامِ متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشنز پوپولیشن فنڈ (UNFPA) اور انٹرپرینیورشپ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ (ECDI) کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خواتین کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، صنفی مساوات پر بامعنی مکالمے کو فروغ دینا اور خواتین کو درپیش سماجی و معاشرتی چیلنجز پر گفتگو کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
WOW فیسٹیول میں خواتین، بچیوں اور خاندانوں کے لیے ثقافت، فنون، موسیقی، مکالمے اور سیکھنے کے متنوع پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
اس موقع پر برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ WOW پاکستان کے دس سال مکمل ہونا ایک اہم سنگِ میل ہے، جس کا آغاز کراچی میں پہلی تقریب سے ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچیوں کو اظہار کا موقع دینا اور فنون و ثقافت کی تبدیلی لانے والی طاقت کو بروئے کار لانا ہی WOW کی اصل روح ہے، اور حقیقی تبدیلی کے لیے ضروری آوازوں کو سننا آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔
WOW پاکستان کی چیئر اور شریک کیوریٹر آمنہ شیخ-فاروقی نے کہا کہ WOW پاکستان کا آغاز خواتین کی آواز کی اہمیت کے پختہ یقین کے ساتھ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا عنوان ’’دستک‘‘ صرف ایک دستک نہیں بلکہ ایک دعویٰ ہے—’’میں یہاں ہوں‘‘۔ دس برس بعد بھی WOW پاکستان سننے، تخلیق کرنے اور مشترکہ آوازوں سے مستقبل کی تشکیل کے سفر پر گامزن ہے۔
WOW فاؤنڈیشن کی بانی اور چیف ایگزیکٹو جوڈ کیلی (سی بی ای) نے کہا کہ ان کا خواب تھا کہ WOW پاکستان میں مضبوطی سے جڑ پکڑے، جہاں خواتین اور لڑکیوں کے لیے رکاوٹیں توڑنے کی ایک بھرپور تاریخ موجود ہے۔ ان کے مطابق دس سال بعد WOW پاکستان تخلیقی صلاحیت، جرات اور اجتماعی عمل کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔
منتظمین کے مطابق WOW پاکستان 2026 کو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں اشاروں کی زبان کی سہولت، بریل مواد اور وہیل چیئر کے لیے موزوں راستے اور ریمپس شامل ہیں۔
فیسٹیول کے نمایاں پروگراموں میں افتتاحی سیشن شامل ہے، جس میں سینیٹر شیری رحمان، جوڈ کیلی (سی بی ای) اور برطانوی ہائی کمشنر برائے پاکستان ہر ہائینیس جین میریٹ خطاب کریں گی، جبکہ نظامت معروف صحافی صدیرا اقبال کریں گی۔ اس کے علاوہ معروف کتھک رقاصہ نگہت چوہدری کی پرفارمنس، موسیقی کی محفل میں نتاشا بیگ اور بابر شیخ، لوک موسیقی میں استاد نور بخش، مختلف پینل ڈسکشنز، فائر سائیڈ چیٹ، سرمایہ کاری پر ماسٹر کلاس، سندھی فنکاروں کی خصوصی پرفارمنس، بچوں کے لیے کہانیوں اور گیتوں کے پروگرام اور گرپس تھیٹر کی پرفارمنس بھی شامل ہیں۔
اس سال کا موضوع ’’دستک: ایک نئی دنیا دروازہ کھٹکھٹا رہی ہے‘‘ خواتین کی دس سالہ جدوجہد، قیادت اور تبدیلی کے سفر کی علامت ہے، جو اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ مشترکہ قیادت اور نئے بیانیے ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
برٹش کونسل کے مطابق WOW فیسٹیول آئندہ بھی خواتین کو اپنی آواز بلند کرنے، نظامی رکاوٹوں کو چیلنج کرنے اور اپنی کامیابیوں کا جشن منانے کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔