کوئٹہ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے خصوصی پیغام میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم تعلیم محض ایک دن نہیں بلکہ صوبے میں تعلیمی انقلاب لانے کے عہد کو دہرانے کا دن ہے۔
بند اسکولوں کی بحالی اور سو فیصد انرولمنٹ کا ہدف
وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کے عوام سے بڑا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ صوبے کا کوئی بھی سرکاری اسکول بند نہیں رہے گا اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بلوچستان کا کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی اور آئینی حق ہے جس سے کسی صورت محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ اعلیٰ تعلیم اور وسائل کی فراہمی میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ مالی مشکلات کسی بھی ہونہار طالب علم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وسائل کی کمی کے باعث بلوچستان کا کوئی بھی قابل بچہ اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔حکومت مستحق اور ذہین طلبہ کی بھرپور سرپرستی کرے گی۔تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے اور اساتذہ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
محفوظ مستقبل کی بنیاد: معیاری تعلیم
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف ڈگریاں بانٹنا مقصد نہیں بلکہ معیاری اور کارگر تعلیم کے ذریعے ہی بلوچستان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔