|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2026

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے
اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے ریاست دشمن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق اور پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ امن و امان کو مزید مستحکم بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔