کوئٹہ: بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے انتخابات برائے سال 2026-27 مکمل ہو گئے، جن میں جرنلسٹس پینل نے تمام عہدوں پر واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی۔ انتخابات جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل منعقد ہوئے، جن کی نگرانی الیکشن کمیٹی کے چیئرمین یعقوب شاہوانی اور اراکین نے کی۔
نتائج کے مطابق منظور احمد رند 87 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوئے، جبکہ فرید اللہ خان سینئر نائب صدر، ظفر اللہ بلوچ نائب صدر، شاہ حسین ترین جنرل سیکرٹری، کفایت علی سینئر جوائنٹ سیکرٹری، عدنان سعید جوائنٹ سیکرٹری اور عصمت سمالانی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔ ایگزیکٹو باڈی کے آٹھ اراکین بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت صحافتی اقدار، آزادیِ اظہار اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے بھی نو منتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس صوبے میں پیشہ ورانہ صحافت اور آزادیِ اظہار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، اور حکومت صحافیوں کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔