کوئٹہ : ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کرنل عمران کی شہادت پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ کرنل عمران کی شہادت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور پوری قوم اس اندوہناک واقعے پر غمزدہ ہے۔
صوبائی وزیر نے شہید کرنل عمران کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا مشن ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ حکومت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک فوج کی مدد سے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو مکمل شفا عطا فرمائے اور شہید کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔