لاہور: بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایران کے راستے ایک اور مغربی موسمی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے سبب بارش اور کئی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
اس سسٹم کے تحت کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، سرانان، جنگل پیر علی زئی، گلستان اور پشین میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔
مزیدبراں کئی علاقوں میں پچھلی برف باری سے بند رابطہ سڑکیں اب تک بحال نہیں ہو سکیں، جس کی بحالی کیلئے آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 4 فروری تک پنجاب، خیبر پختونخوا میں بارش اور برف باری کی پیشگوئی کے باعث پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ پنجاب بھرمیں موسم سرداورخشک رہیگا،جبکہ مری اورگلیات میں موسم سرداورمطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ نارووال،شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں ہلکی دھند پڑنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ ایبٹ آباد اورگردونواح میں بارش کاسلسلہ شروع ہونیکاامکان ہے جبکہ گلیات کے بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے،یہ سلسلہ آئندہ تین روزتک جاری رہنے کا امکان ہے،شدید سردی اورممکنہ برفباری کے پیش نظر سیاحوں اورمقامی افرادکو احتیاطی تدابیراختیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ،کراچی میں اس وقت دھند چھائی ہوئی ہے اور حد نگاہ 2.5 کلو میٹر تک محدود ہوگئی ہے تاہم موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 54 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت شمال مشرق سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ حالیہ سردی کی لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی۔