|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2026

لاہور:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کو بری طرح ناکام بنانے اور دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو شاباش دی ہے۔

 وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر میں 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے منظم حملوں کو ناکام بنانے اور 37 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں بھارتی پشت پناہی میں سرکردہ 88 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر ارض وطن کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے آپریشنز کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دیتے ہوئے جان شہادت نوش کرنے والے 10 فرض شناس سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوان اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ارض وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔  ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔