|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2026

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ پولیس نے صوبے میں قیام امن کے لئے جانیں قربان کر کے شہادت کا رتبہ پایا ہے شہداء کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں

جنہوں نے ملک کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے

عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بناکر پر امن بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے کیونکہ سیکورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تھانوں کے دورے کے دوران کہی۔

دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے تھانہ سریاب، تھانہ نیو سریاب، پولیس ٹریننگ کالج ،اسمارٹ پولیس اسٹیشن منظور ترین شہید اور پولیس اسٹیشن خالق شہید کا تفصیلی معائنہ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد آصف خان اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے

بعد ازاں آئی جی پولیس نے اینٹی ٹیرارزم فورس (اے ٹی ایف) ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے آفسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں متعلقہ آفیسران کی جانب سے درپیش چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

آئی جی پولیس نے آفسران و جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے آئی جی پولیس بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے

اور صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فرائض منصبی احسن طریقے سے نبھا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف بلوچستان پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں

پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔