|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2026

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ یکجہتی? کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آزادی اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام اپنی منزل حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

اس عظیم جدوجہد کے دوران اب تک ہزاروں نوجوانوں، بچوں، بزرگوں اور خواتین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام اسی صورت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بنیادی اور دیرینہ تنازعہ ہے،

جس کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ? تعبیر نہیں ہو سکتا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیر پر قابض ہو کر کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو مسلسل پامال کر رہا ہے اور بے گناہ شہریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاہم بھارتی ریاستی جبر اور مظالم کا مکروہ چہرہ اب عالمی برادری سے زیادہ دیر پوشیدہ نہیں رہ سکتا اور نہ ہی کشمیری عوام کی آواز کو مزید دبایا جا سکتا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خود ارادیت دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ماضی میں بھی حاصل رہی ہے اور آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی میں کسی سے پیچھے نہیں۔

ہماری دعائیں، ہمدردیاں اور اخلاقی حمایت کشمیری عوام کے ساتھ ہیں وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی مقبوضہ کشمیر بھارتی ریاستی جبر سے آزادی حاصل کرے گا اور دنیا کے افق پر ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر ابھرے گا۔