|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2026

کینیڈین مائننگ کمپنی بیریک مائننگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک ہل نے کہا ہے کہ کمپنی کا بورڈ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع سونے اور تانبے کے ریکوڈک منصوبے سے متعلق تمام امور کا جائزہ لے رہا ہے، جس میں سرمایہ کاری، ترقیاتی شیڈول اور سیکیورٹی انتظامات شامل ہیں۔

یہ اعلان کمپنی کی پوسٹ ارننگز کال کے دوران کیا گیا۔ بیریک کے مطابق حالیہ دنوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور واقعات کی شدت کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں علیحدگی پسند عسکریت پسندوں نے اسکولوں، بینکوں اور سیکیورٹی تنصیبات پر مربوط حملے کیے، جن میں تقریباً 50 افراد ہلاک ہوئے۔ ان واقعات کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے صوبے میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

بیریک مائننگ نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی حکمتِ عملی، ترقیاتی ٹائم لائن اور سرمایہ جاتی بجٹ کا جائزہ فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ جائزے کی تکمیل کے بعد صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

ریکوڈک سونے اور تانبے کے منصوبے میں بیریک کی 50 فیصد ملکیت ہے، جبکہ 25 فیصد حصص تین وفاقی سرکاری اداروں اور 25 فیصد حکومتِ بلوچستان کے پاس ہیں۔