|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2026

سوراب: ضلع شہید سکندر آباد سوراب میں امن و امان کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی گزشتہ شب زیرو پوائنٹ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر قائم ایک ہوٹل میں مسلح ڈاکوؤں نے بڑی واردات کرتے ہوئے ہوٹل میں موجود افراد کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا جبکہ پولیس کی بروقت کارروائی نہ ہونے پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے

تفصیلات کے مطابق تقریباً 15 مسلح افراد پر مشتمل ڈاکوؤں کے گروہ نے رات گئے ہوٹل پر دھاوا بولا اور اسلحہ کے زور پر ہوٹل میں موجود عملے اور گاہکوں کو یرغمال بنا لیا ڈاکوؤں نے ہوٹل میں کام کرنے والے افراد سے موبائل فونز اور نقدی رقم چھین لی، جبکہ ہوٹل میں کھانے کے لیے موجود تیل بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بھی تقریباً 20 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

ذرائع کے مطابق ڈاکو ایک پروبکس گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ ہوٹل کے قریب نصب نجی موبائل کمپنی کے ٹاور کی بیٹریاں بھی چوری کر لی گئیں بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکو تقریباً دو گھنٹے تک ہوٹل میں موجود رہے،

اس دوران انہوں نے نہ صرف تمام افراد کی تلاشی لی بلکہ ہوٹل میں موجود اشیائے خورونوش جن میں گوشت، چاول،

دال اور دیگر سامان شامل ہے، بھی لوٹ لیا حیران کن طور پر ڈاکوؤں نے ہوٹل میں خود روٹیاں پکا کر کھانا بھی کھایا اور اس کے بعد اطمینان سے فرار ہو گئے، جبکہ پولیس یا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسی مقام پر ایک اور ہوٹل کو لوٹا گیا تھا، جہاں سے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ کوئٹہ–کراچی قومی شاہراہ پر حاجیکہ کے مقام پر بھی حالیہ دنوں میں ایک ہوٹل کو ڈکیتی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، جس سے علاقے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی لہر پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع واردات کے فوراً بعد نہ دینا بھی تشویشناک ہے،

تاہم پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا علاقہ مکینوں اور مسافروں نے بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں اور مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *