|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2026

گوادر:  ادارہ فروغِ قومی زبان اسلام آباد اور یونیورسٹی آف گوادر کے زیر اہتمام بلوچی زبان کے نامور ادیب، شاعر، محقق، فکشن نگار اور ماہرِ لسانیات سید ظہور شاہ ہاشمی کی صد سالہ جشن ولادت (سید سال)کے موقع پر ان کی شخصیت اور فن کے موضوع پر ایک روزہ قومی ادبی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔

جبکہ تقریب کے مہمانان خصوصی ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، یونیورسٹی آف تربت کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ کے علاوہ اقبال اکیڈمی پاکستان لاھور کے ناظم اعلی ڈاکٹر عبدالرف رفیقی شامل تھے۔

جبکہ مقالہ نگاروں میں گوادر یونیورسٹی کے ڈاکٹر رحیم بخش مہر، علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈاکٹر ضیا الرحمان بلوچ، تربت یونیورسٹی کے ڈاکٹر غفور شاد، پروفیسر فضل بلوچ، محبوب خان بگٹی، کراچی سے طارق بن آذاد شامل تھے۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ سید ظہور شاہ ہاشمی نے بلوچی زبان و ادب کی ترویج اور تحقیق کے میدان میں جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ادبی سیمینارز نوجوان نسل میں زبان، تہذیب اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعور کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مہمان مقررین نے سید ظہور شاہ ہاشمی کے علمی و ادبی مقام، تحقیقی خدمات اور بلوچی زبان کی ترقی میں ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

سیمینار میں مختلف اسکالرز اور ادیبوں نے اظہارِ خیال کیا مقررین نے سید ظہور شاہ ہاشمی کی شاعری، فکشن اور لسانی تحقیق کو بلوچی ادب کا قیمتی سرمایہ قرار دیا سیمینار میں تحقیقی مقالات بھی پیش کیے گئے مقالہ نگاروں نے سید ظہور شاہ ہاشمی کے ادبی اسلوب، زبان دانی اور تحقیقاتی خدمات کو جدید تناظر میں پیش کرتے ہوئے انہیں بلوچی ادب کا روشن مینار قرار دیا۔

سمینار میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گوادر کے ریجنل ڈائریکٹر ماجد حسین، آر سی ڈی سی گوادر کے منتظمین اور سید شناسوں کے علاوہ گوادر یونیورسٹی کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، ڈائریکٹرز، اساتذہ انتظامیہ افسران کے علاوہ طلبہ و طالبات اور میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی گلوکاروں سمیر رحیم اور دیدگ اکبر نے سید ہاشمی کے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر نے تمام معزز مہمانوں، مقررین اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف گوادر آئندہ بھی قومی زبانوں اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایسے علمی و ادبی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گی۔ انہوں نے بطور خاص ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد اور اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور کے سربراہان کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *