|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2026

کوئٹہ:  بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑکی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای او قائم لاشاری، فشریز ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کے نمائندوں ڈاکٹر علاؤالدین خان اورہ مس نگہت نے شرکت کی۔

اجلاس کا بنیادی مقصد بوٹس رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو تیز، شفاف اور موثر بنانا تھا۔اجلاس کے دوران ایک ہزار (1,000) ماہی گیر کشتیوں کے لائسنس کے اجراء کے عمل پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا

وائس چیئرمین نے اس امر پر زور دیا کہ فشریز ڈیپارٹمنٹ فوری طور پر اسٹیشن اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کریں تاکہ رجسٹریشن کے تمام مراحل کو آسان بنایا جا سکے اور غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ممکن ہو انہوں نے ہدایت کی کہ لائسنسنگ کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور سہولت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ماہی گیر برادری کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

اس اقدام سے نہ صرف ساحلی علاقوں کی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔وائس چیئرمین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت میں اہداف کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور پیش رفت رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان ماہی گیری کے شعبے کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار کشتیوں کے لائسنس کا اجراء محض ایک انتظامی کارروائی نہیں بلکہ یہ ہمارے ساحلی عوام کے روزگار، ان کے مستقبل اور صوبے کی معاشی خوشحالی سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *