|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2026

کوئٹہ: ایم آر ڈی ایل کے صدر تان جن نے کہا ہے کہ سیندک منصوبے میں سال2025 کے دوران کمپنی نے سائنسی منصوبہ بندی اور منظم عملدرآمد کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور پیداوار و آپریشنز میں تاریخی ریکارڈ قائم ،سیفٹی اور انٹیگریٹی نظام کو مزید مستحکم کیا گیا، Amoeba مینجمنٹ اور 5S کوالٹی اسٹینڈرڈائزیشن کو فروغ دیا گیا جبکہ لاگت میں کمی،

سائٹ کی بہتری اور کارپوریٹ امیج سازی پر خصوصی توجہ دی گئی۔یہ بات انہوں نے ایم سی سی ریسورسز ڈیولپمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ (MRDL) کے زیر اہتمام سیندک میں چین کے نئی سال اور اسپرنگ فیسٹیول کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرایف سی نوکنڈی کے ڈپٹی کمانڈنٹ، ایم آر ڈی ایل کے محمد خالد گل، رمضان علی، اسسٹنٹ کمشنر تفتان ، ٹاؤن چیئر مین تفتان نذیر بلوچ، علاقے کے عمائدین سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایم آر ڈی ایل کے صدر تان جن نے کہا کہ مشکل سیکیورٹی ماحول اور چیلنجز کے باوجود کمپنی کی پیداوار اور آپریشنل کارکردگی نئی بلندیوں تک پہنچی جبکہ پاک چین شراکت داری مزید مضبوط ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مائننگ انڈسٹری میں پہلی مرتبہ CNAS لیبارٹری ایکریڈیٹیشن حاصل کی گئی جو کمپنی کے معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر کامیابی ٹیم ورک، ذمہ داری اور مشترکہ وڑن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے 2026 کو نئے اہداف اور ذمہ داریوں کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی جدت، معیار اور کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ترقی کا نیا باب رقم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھاتے ہوئے پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی بنیاد کو مزید مضبوط بنایا ہم اپنے اہداف پر پوری توجہ مرکوز رکھیں گے، طریقہ کار کو بہتر بنائیں گے، جدت کو فروغ دیں گے اور معیار و کارکردگی دونوں میں اضافہ کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم آرڈی ایل کے نائب صدر محمد خالد گل نے کہا کہ باہمی تعاون اور ٹیم ورک ہی ادارے کی اصل طاقت ہے 2026 میں اتحاد، توجہ اور مشترکہ مقصد کے ساتھ ادارے کو مزید مستحکم بنایا جائے گا اور نئی کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔ایس ایم ایل کے جنرل منیجر ٹیکنیکل نور الحق نے کہا کہ سندک کاپر گولڈ پراجیکٹ پاکستان اور چین کے قریبی تعاون کی کامیاب مثال ہے جو باہمی اعتماد اور مشترکہ مہارت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور پاکستانی ٹیمیں شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے نہ صرف منصوبے بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے نئے سال کے موقع پر تعاون، حفاظت، جدت اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے ثقافتی رقص اور خاکے بھی پیش کئے گئے۔اس موقع نئے چینی سال کی تقریبات کا آغاز آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *