|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2026

کوئٹہ:  امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے جی ڈی اے کی اولڈ ٹان بحالی منصوبہ کے تحت ملا کریم بخش وارڈ میں سیوریج،ڈرینیج اور گلیوں کی پختگی منصوبہ مکمل کرکے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کے ہمراہ افتتاح کر دیا۔گوادرڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اولڈ ٹان بحالی منصوبے کے تحت ملا کریم بخش وارڈ میں سیوریج و ڈرینیج نظام،گلیوں کی پختگی، بحالی اور توسیع کے منصوبے کی تکمیل کے بعد آج رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن اور ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن خان نے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، وائس چیئرمین بلدیہ گوادر ہوت، سیف اللہ، سابق چیئرمین بلدیہ شریف میاں داد، علاقے کے کونسلرز، عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایم پی اے گوادر اور ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی اور تکمیل شدہ منصوبے کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوائرمنٹ جی ڈی اے یحیی واڈیلہ نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ملا کریم بخش وارڈ اور اولڈ ٹاون گوادر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائن کی مرمت، دیکھ بھال اور نئے تعمیراتی کاموں پر مشتمل ہے۔

منصوبے کی مجموعی لاگت 52.944ملین روپے ہے جس کا آغاز جولائی 2024کو کیا گیا جبکہ منصوبہ فروری 2026کو مکمل ہوا۔

6676رننگ فٹ UPVCپائپ لائن (8، 12 اور 14 انچ)170نئے مین ہولز کی تعمیر، 250ہاوس چیمبرز کی تعمیر، مین ہولز کی ریزنگ شامل ہے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ملا کریم بخش وارڈ میں سیوریج اور ڈرینیج کا نظام گزشتہ کئی برسوں سے شدید متاثر تھاجس کے باعث نہ صرف گلیوں میں آمد و رفت دشوار تھی بلکہ متعدد گھروں میں پانی داخل ہونے کی شکایات بھی تھیں اور شہری مسلسل مشکلات سے دوچار تھے۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی کاوشوں کے نتیجے میں اس دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب عملی پیش رفت ممکن ہوئی ہے اور اب شہری واضح بہتری محسوس کر رہے ہیں۔

مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ سال2026کو گوادر میں کلین اینڈ گرین گوادر کے طور پر کام کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اور تمام ادارے مل کر شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی شہر کی صفائی اور بہتری میں تعاون کی اپیل کی۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نہ صرف بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے

جو گوادر کو مستقبل کا جدید اور سمارٹ شہر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے، بلکہ اولڈ ٹاون سمیت مقامی آبادی کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے بھی متعدد بنیادی سہولیات کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اولڈ ٹان میں سیوریج اور ڈیرنیج کا مسئلہ ایک اہم چیلنج تھا، جسے اس منصوبے کی تکمیل کے بعد نمایاں حد تک حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولڈ سٹی میں جی ڈی اے کے مزید منصوبے بھی جاری ہیں جن سے مقامی آبادی کو ان شا اللہ مزید سہولتیں میسر آئیں گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *