کوئٹہ: کوئٹہ میں جعلی مشروبات کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں جعلی روح افزا اور جامِ شیریں کی بوتلیں برآمد کرلیں۔
کارروائیاں بڑیچ مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور اولڈ فروٹ مارکیٹ میں خفیہ اطلاع پر کی گئیں جہاں ایک منظم نیٹ ورک بے نقاب ہوا اور سپلائی چین کا سراغ بھی لگا لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جعلی اسٹاک پشاور سے بلٹی سسٹم کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا۔ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ معروف کمپنیوں کے نام پر تیار کی گئی یہ جعلی مشروبات کوئٹہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھیں۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق جعلی مشروبات کی سپلائی کے مرکزی ذرائع تک رسائی کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
علاوہ ازیں کوئٹہ شہر اور دیگر اضلاع میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 26 خوراک و پروڈکشن یونٹس پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
حکام کے مطابق ناقص صفائی، غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور لیبلنگ کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے کہا کہ عوام کی صحت اولین ترجیح ہے اور غیر معیاری و جعلی مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں خوراک کی تیاری و فراہمی کی نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے ، بی ایف اے انسپیکشن ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں متحرک رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مستند برانڈز کی مصنوعات خریدیں، رسید ضرور حاصل کریں اور کسی بھی مشکوک یا جعلی مصنوعات کی فوری اطلاع بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو دیں۔
Leave a Reply