کوئٹہ : پاک ایران سرحد ی شہر تفتان میں ایل پی جی بائوزر خالی کرنے کے پلانٹ میں ایک لگنے اور دھماکے کے باعث کم از کم دو افراد جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ،دھماکے اور آگ سے متعدد بائوزر،دکانیں، گاڑیاںبھی جل کر خاکستر ، آگ پر قابو پا لیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے تفتان میں قائم ایل پی جی باٹلنگ پلانٹ میں کھڑے ایک گیس باؤزر میں آگ لگنے کے بعد دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں نوشکی کے رہائشی منور سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم سمیت پانچ افراد شہر یار، وحید، نعمان ، ظہیر احمد زخمی ہوگئے ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ایل پی جی پلانٹ میں ایران سے آنے والے بائوزر سے گیس دوسرے بائوزر میں منتقل کی جارہی تھی ۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے کارروائی شروع کی تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران باؤزر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا
جس کے بعد آگ نے شدت اختیار کر لی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ انہیں کئی کلومیٹر دور سے بھی دیکھا جا سکتا تھا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا –
کچھ فاصلے پر کھڑے لوگ آگ سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے نظر آئے۔سوشل میڈیا صارفین کے مطابق آگ کے شعلے تفتان سے چند کلومیٹر دور ایرانی شہر میرجاواہ میں بھی نظر آئے۔ریسکیو آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تفتان بھی آگ کی زد میں آ گئے اور معمولی زخمی ہوئے تاہم اس کے باوجود وہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے رہے ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ’آگ لگنے کی حتمی وجوہات کا تعین ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد واقعے کی تحقیقات میں کیا جائے گا۔
Leave a Reply