|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2026

ایران نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کے ردِعمل میں وہ جوابی اقدام کرتے ہوئے یورپی یونین کے رکن ممالک کی بحری اور فضائی افواج کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایران کا یہ اقدام یورپی یونین کے حالیہ فیصلے کا جواب ہے، جو پابندیوں کے نظام کے تحت پاسدارانِ انقلاب کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے سے متعلق ہے۔‘

وزارتِ خارجہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’یورپی یونین کی جانب سے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا یہ اقدام ’غیر قانونی اور نامناسب‘ ہے اور یہ کہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔‘

واضح رہے کہ یورپی یونین نے ایران میں حالیہ حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے بعد باضابطہ طور پر پاسدارانِ انقلاب کو جنھیں ہو وہ مظاہرین پر کریک ڈاؤن کا ذمہ دار قرار دیتی ہے، دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

یورپی یونین سمیت کئی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ایسے دعوے سامنے آئے تھے کہ جن میں ایرانی حکومت اور پاسدارانِ انقلاب پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ حکومت مخالف مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے دوران ہزاروں ایرانی مظاہرین ہلاک ہوئے تھے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *