کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان کے نوٹس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ماہِ رمضان المبارک میں سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شہر بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔
گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں سے زائد فروخت کی متعدد شکایات موصول ہونے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ضلعی انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 396 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جس کے دوران 113گرانفروشوں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا
جبکہ 49 دکانوں کو سیل کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن سٹی میں 78 دکانوں کی چیکنگ کے دوران 48 افراد گرفتار اور 19 دکانیں سیل کی گئیں سب ڈویژن صدر میں 65 دکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے 24 افراد کو گرفتار اور 11 دکانیں سیل کی گئیں۔
اسی طرح سب ڈویژن سریاب میں 91 دکانوں کے معائنے کے دوران 28 افراد گرفتار اور 11 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ سب ڈویژن کچلاک میں 46 دکانوں کی انسپکشن کے نتیجے میں 13 افراد کو گرفتار کرکے 9 دکانوں کو سیل کیا گیا ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Leave a Reply