|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2026

کوئٹہ :  ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے کوئٹہ بلوچستان فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے کوئٹہ میں سمگل شدہ غیر قانونی ادویات کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے

اور مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ شہر میں سمگل شدہ ادویات کی غیر قانونی طور پر فروخت ہورہی ہے جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ روز کوئٹہ میں ایک میڈیکل سٹور پر چھپا مارا اور چھاپے کے دوران وہاں سے سمگل شدہ ادویات برآمد کیںاور کارروائی کے دوران وسیم نامی ملزم کو بھی گرفتار کرلیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ قبضے میں لی جانے والی ادویات ہمسایہ ممالک ایران اور بھارت سے غیر قانونی طور پر سمگل کی گئی تھیں۔قبضے میں لی جانے والی ادویات کی مالیت 30 لاکھ روپے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے کی یہ کارروائیاں تواتر کے ساتھ جاری رہیںگی۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف ڈرگز ایکٹ 1976ء کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قبضے میں لی جانے والی ادویات مضر صحت اور غیر قانونی ہے

ایسے گھنائونی کاروبار میں ملوث نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں اور ذمہ داران کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جارہاہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قبضے میں لی جانے والی ادویا ت کے نمونے قانونی تقاضوں کے مطابق تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں تاکہ ان کے معیار اور قانونی معیار کی تصدیق ہوسکے اور ابتدائی تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *