|

وقتِ اشاعت :   5 days پہلے

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ اسرائیلی بھارتی امریکی سازش ایران کے بعدپاکستان ودیگرممالک کوبھی لے ڈوبے گا۔

یہودونصارا کی سازشوں ودہشت کامقابلہ کرنے کیلئے اوراتحادویکجہتی کے حوالے سے مسلم حکمرانوں وسپہ سالارزپربھاری ذمہ داری عائدہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ امن کے علمبرداروں امریکا اور اسرائیل کا ایران پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔ ٹرمپ کا پیس بورڈ اب وار بورڈ بن چکا ہے۔

ایران کے خلاف اس جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل نے مشرقِ وسطی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مسلم حکمرانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار ہونا ہوگا۔ خدانخوانستہ ایران کے سقوط کے بعد اگلی باری قریب کے اسلامی ممالک کی ہے۔ اسرائیل امریکہ کی مدد سے گریٹر اسرائیل کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے راستے پر گام زن ہے۔

امتِ مسلمہ کے حکمرانوں کو اس خواب کو چکنا چور کرنے کے لیے متحد ہوکر ان کا مقابلہ کرنا ہوگادریں اثناء امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلے عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔قائد حق دو تحریک بلوچستان و ایم پی اے گوادرمولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے موٹرسائیکل،گاڑی، کشتی رجسٹریشن اور کنٹانی بارڈر سے متعلق حالیہ اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر کئے جانے والے فیصلے کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے اقدامات کو گوادر کے عوام پر مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ عوام سے براہ راست تعلق رکھنے والے اہم معاملات میں منتخب نمائندوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے حالانکہ عوام کے مسائل،معاشی حالات اور زمینی حقائق سے عوامی نمائندے ہی بخوبی آگاہ ہوتے ہیں۔ اداروں کو چاہئے کہ وہ یکطرفہ فیصلوں کے بجائے مشاورت اور باہمی اتفاق رائے کی پالیسی اختیار کریں۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے واضح کیا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر کسی بھی ادارے کے فیصلے کو نہ قبول کیا جائے گا اور نہ ہی اس پر خاموشی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے فیصلے واپس نہ لئے گئے اور مشاورت کا عمل یقینی نہ بنایا گیا تو حق دو تحریک بلوچستان عوام کے ساتھ مل کر ان غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے عوام کے معاشی مفادات، بارڈر سے وابستہ روزگار اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی ادارے کو عوامی مشکلات میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *