|

وقتِ اشاعت :   5 days پہلے

کوئٹہ : پیپلز پارٹی کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے ایران پر حملے اور اس کے سپریم لیڈر کی شہادت کو نہایت افسوسناک اور دور رس نتائج رکھنے والا سانحہ قرار دیتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ تاریخ آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک ایسے رہنما کے طور پر یاد رکھے گی جنہوں نے عالمی دبا اور من گھڑت بیانیوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

مقدس مہینے میں انہوں نے جھکنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی نہ جھکے، نہ بکے، نہ ٹوٹے۔ جب تباہی کے معماروں کو امن کے انعامات کے لیے نامزد کیا جا رہا تھا، وہ اسلام، وقار اور قومی خودمختاری کے لیے ثابت قدم رہے۔ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کا مجرمانہ اتحاد اس ورثے کو مٹانے کی کوشش کر سکتا ہے، لیکن تاریخ ایسے جرائم کو فراموش نہیں کرتی۔ احتساب میں تاخیر ہو سکتی ہے، مگر وہ ناگزیر ہے۔

سچائی پر مبنی طاقت اسی خطے سے ابھرے گی، اور جب وہ ابھرے گی تو باطل کے پاس چھپنے کی کوئی جگہ نہیں رہے گی۔

ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اس نازک مرحلے پر پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

کسی بھی قسم کی پرتشدد کارروائی، بدامنی یا داخلی انتشار دشمن قوتوں کے عزائم کو تقویت دے گا۔ ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ اپنے غم و غصے کو ذمہ داری سے منظم کریں، احتجاج کو پرامن رکھیں اور اپنے ملک کے استحکام کو یقینی بنائیں۔ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ قومی یکجہتی اور داخلی استحکام ہی بیرونی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں، اور ہم اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *