|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے

کوئٹہ؛  صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دو مختلف خاندانوں نے اپنے لاپتہ بھائیوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ان کی گمشدگی سے متعلق پریس کانفرنسیں کیں۔

کلی قمبرانی کوئٹہ کے رہائشی عمران لہڑی نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تقریباً 18 سالہ بھائی عمیر لہڑی کچھ عرصہ قبل گھر سے نکلا تھا اور تاحال واپس نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ نے اسے تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں اور نہ ہی اس سے کوئی رابطہ ہو سکا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر عمیر لہڑی کا تعلق کسی مسلح تنظیم سے نکلا تو ان کا، ان کے خاندان اور رشتہ داروں کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔دوسری جانب کرہ گی بسیمہ ضلع واشک کے رہائشی الطاف حسین نے بھی کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی شعیب احمد گزشتہ سال گھر سے نکلے تھے جس کے بعد سے ان سے رابطہ منقطع ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر 2024 کو بھائی کی گمشدگی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر بسیمہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریری درخواست بھی جمع کرائی جا چکی ہے۔

الطاف حسین نے مزید کہا کہ شعیب احمد کے گھر سے جانے کے بعد ان کی گزشتہ، موجودہ یا مستقبل کی کسی بھی سرگرمی سے ان کا یا ان کے خاندان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔دونوں خاندانوں نے حکام سے اپنے لاپتہ افراد کی بازیابی میں مدد کی اپیل بھی کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *