|

وقتِ اشاعت :   21 hours پہلے

سوئی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعرات کو یہاں سوئی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ اہم سوئی رنگ روڈ کو باقاعدہ طور پر ٹریفک کے لیے کھولنے کا افتتاح کر دیا اس موقع پر قبائلی عمائدین، منتخب نمائندوں، سرکاری افسران اور متعلقہ حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاح سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پھڈا نالہ سے چائنا پوسٹ تک خود گاڑی چلا کر سڑک کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی تکمیل میں بہتر کارکردگی دکھانے پر متعلقہ فرم اور عملے کو سراہا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سمیت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ بہتر اور معیاری سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمدورفت میں سہولت میسر آتی ہے بلکہ تجارت، مقامی معیشت اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے انہوں نے کہا کہ سوئی رنگ روڈ کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو آمدورفت کی جدید اور محفوظ سہولت میسر آئے گی، ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور گرد و نواح کے علاقوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

یہ منصوبہ سوئی اور ملحقہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *