|

وقتِ اشاعت :   13 hours پہلے

تربت؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت پریس کلب کے سالانہ گرانٹ 20لاکھ روپے سے بڑھا کر 50لاکھ روپے کرنے اور جرنلسٹ کالونی کی تعمیرکا اعلان کردیا۔

یہ اعلان انہوں نے سرکٹ ہاؤس تربت میں گرین بس سروس کے افتتاح کے موقع پر کیا، جہاں تربت پریس کلب کے وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کرتے ہوئے سالانہ گرانٹ میں اضافے اور صحافیوں کے لیے رہائشی کالونی کے قیام کی درخواست پیش کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی میر اصغر رند، صوبائی وزیر ریونیو میر عاصم کرد گیلو، ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور احمد بلیدی کی خصوصی سفارش پر تربت پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 20 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کی خدمات، مسائل اور پیشہ ورانہ مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر جرنلسٹ کالونی کی تعمیر کے اعلان کیا اور اسے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں جو عوام اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ بہتری اور ان کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔

تربت پریس کلب کے عہدیداران اورممبران نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور احمد بلیدی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرانٹ میں نمایاں اضافہ اور جرنلسٹ کالونی کے قیام کا اعلان صحافی برادری کے لیے ایک تاریخی اور خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت مستقبل میں بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اسی طرح مثبت اقدامات جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *