|

وقتِ اشاعت :   1 hour پہلے

گوادر:ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی سربراہی میں ادارے میں ذرائع آمدن (Revenue Generation) میں اضافے، مالی وسائل کے بہتر استعمال اور کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ادارے کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔


اجلاس میں چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی، ڈائریکٹر فنانس ذاکر مجید، ڈائریکٹر ایڈمن چنگیز خان، کنٹرولر بلڈنگز نذر احمد، ڈائریکٹر انوائرمنٹ رسول بخش بلوچ، ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ شے منصور احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس شکور احمد سمیت دیگر افسران موجود تھے۔


اجلاس کے دوران جی ڈی اے کی گزشتہ تین برسوں کے دوران حاصل ہونے والی آمدن اور مختلف شعبہ جات کے مالی وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ادارے کے ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے نئے امکانات اور قابل عمل حکمت عملیوں پر بھی غور کیا گیا۔
ڈائریکٹر فنانس ذاکر مجید نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹاؤن پلاننگ، بلڈنگ کنٹرول، لینڈ مینجمنٹ، انوائرمنٹ اور واٹر سیکشن سمیت مختلف شعبوں سے حاصل ہونے والی آمدن کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا ہے اور آئندہ مالی وسائل میں اضافے کے لیے متعدد امکانات زیر غور ہیں۔


اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ ادارے کے موجودہ ذرائع آمدن کا ازسرنو جامع جائزہ لے کر ایسے مؤثر اور قابل عمل اقدامات تجویز کریں جن کے ذریعے جی ڈی اے کے مالی وسائل میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے ٹھوس اور قابل عمل تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش کی جائے۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات اور کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کے نتیجے میں جی ڈی اے نے غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی کرتے ہوئے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کی بچت کی ہے، جو مختلف مدات میں اخراجات کو محدود کر کے ممکن بنائی گئی۔


ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر کہا کہ جی ڈی اے کو مستقبل میں مالی طور پر مضبوط اور خود کفیل ادارہ بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ادارہ اپنی مالی ضروریات خود پوری کرنے کے قابل ہو سکے اور بتدریج مکمل مالی خود انحصاری کی طرف بڑھ سکے۔


انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حالیہ عالمی اور علاقائی معاشی صورتحال کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں فیول کے استعمال، سرکاری ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی کے پمپنگ اسٹیشنز اور دیگر مشینری کے استعمال کو ضرورت کے مطابق محدود رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *