|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ :  حکومتِ بلوچستان کے مارچ 2026 کی تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کے لیے سرکاری جامعات کو مجموعی طور پر 85 کروڑ 75 لاکھ 31 ہزار 776 روپے جاری کر دیے ۔

پیر کو محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کو 28 کروڑ 93 لاکھ 25 ہزار 615 روپے جاری کیے گئے جبکہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کو 18 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 350 روپے فراہم کیے گئے۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کو 6 کروڑ 7 لاکھ 15 ہزار 182 روپے دیے گئے جبکہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کو 9 کروڑ 96 لاکھ 68 ہزار 441 روپے جاری کیے گئے۔

اسی طرح لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کو 9 کروڑ 24 لاکھ 13 ہزار 021 روپے فراہم کیے گئے،

یونیورسٹی آف تربت کو 4 کروڑ 55 لاکھ 82 ہزار 288 روپے، یونیورسٹی آف لورالائی کو 2 کروڑ 74 لاکھ 14 ہزار 779 روپے، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کو 1 کروڑ 46 لاکھ 06 ہزار 645 روپے اور یونیورسٹی آف گوادر کو 1 کروڑ 42 لاکھ 68 ہزار 253 روپے جاری کیے گئے۔ بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل سائنسز کوئٹہ کو 1 کروڑ 10 لاکھ 48 ہزار 445 روپے جبکہ یونیورسٹی آف مکران پنجگور کو 1 کروڑ 06 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی آف بلوچستان خاران کیمپس کے لیے 45 لاکھ 07 ہزار 757 روپے جاری کیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فنڈز پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور ان کے سب کیمپسز کو گرانٹ اِن ایڈ کی مد میں فراہم کیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ فنڈز کی ادائیگی مالیاتی قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *