کوئٹہ : بلوچستان کی شاہراہوں پر ایک ہفتے میں 438 حادثات، 568 افراد زخمی، 7 جاں بحق ہوگئے ، میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز (مرک)1122 بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ مارچ 2026 کے دوسرے ہفتے کی ہائی ویز ویکلی انسیڈنٹ رپورٹ کے مطابق صوبے کی مختلف قومی شاہراہوں پر ایک ہفتے کے دوران 438 ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 568 افراد زخمی جبکہ 7 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حادثات ٹراما سینٹر ژوب کے دائرہ کار میں رپورٹ ہوئے جہاں 159 حادثات میں 185 افراد زخمی ہوئے۔
اسی طرح ٹراما سینٹر خضدار کے علاقے میں 76 حادثات میں 116 افراد زخمی ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق وندر، لسبیلہ کے علاقے میں 26 حادثات میں 31 افراد زخمی جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ باغبانہ خضدار، تیارہ لسبیلہ اور زیارت کراس پشین میں بھی حادثات کے دوران ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لک پاس مستونگ، قلات، سرانان پشین، نسئی قلعہ سیف اللہ، گوکرت کچھی، بختیار آباد سبی، رخنی بارکھان، دشت کیچ، ہوشاب کیچ، لیاری لسبیلہ، پسنی گوادر اور دیگر علاقوں میں بھی متعدد حادثات پیش آئے جن میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 71 افراد کو مختلف مراکز میں طبی امداد (او پی ڈی) فراہم کی گئی جبکہ زخمیوں کو بروقت ریسکیو کر کے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قومی شاہراہوں پر تیز رفتاری سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
Leave a Reply