|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

تربت :  تربت میں27 رمضان المبارک کے موقع پر کوہِ مراد زیارت شریف پر منعقد ہونے والا مسلم ذکری زائرین کا اجتماع اختتام پذیر ہوگیا۔

اجتماع میں شرکت کے لیے سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی اور رات بھر ذکر و فکر، عبادات، دعاؤں اور شب بیداری میں مصروف رہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 رمضان المبارک کی صبح سے ہی زائرین کی اپنے اپنے علاقوں کو واپسی کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے،

جبکہ زائرین عیدالفطر اپنے گھروں میں اہلِ خانہ کے ساتھ منائیں گے۔

اجتماع کے دوران کوہِ مراد زیارت شریف روحانی ماحول میں ڈوبا رہا جہاں عقیدت مندوں نے بھرپور انداز میں اپنے مذہبی فرائض سرانجام دیے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سید عبدالمجید ایڈووکیٹ نے کہا کہ کوہِ مراد زیارت شریف کا یہ سالانہ اجتماع باہمی بھائی چارے، امن، محبت اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک روشن مثال ہے۔

انہوں نے اجتماع کے کامیاب انعقاد پر صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ کونسل کیچ، میونسپل کارپوریشن تربت اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے زیارت کمیٹی، الذاکرین فاؤنڈیشن، سارت فاؤنڈیشن، اوست ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر سماجی تنظیموں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے زائرین کو سہولیات کی فراہمی، نظم و ضبط برقرار رکھنے اور فلاحی خدمات کی انجام دہی میں اہم کردار ادا کیا۔

سید عبدالمجید ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ رضاکاروں، سماجی کارکنوں اور مقامی افراد کی شبانہ روز محنت اور تعاون کے باعث یہ بڑا اجتماع پرامن اور کامیاب انداز میں مکمل ہوا۔

انہوں نے تمام متعلقہ افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اس روحانی اجتماع کا انعقاد جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *