ٍکوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک میں آئی جی ایف سی کے قافلے پر نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔آئی جی ایف سی اور دوسرے افسران حملے میں محفوظ رہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل سعید احمد ناگرہ پنجگور سے خضدار جارہے تھے۔ ان کے ہمراہ ایف سی پنجگور رائفلز کے کمانڈنٹ کرنل شجیع اللہ قادری بھی تھے۔ نئے تعینات ہونیوالے آئی جی ایف سی علاقے کا جائزہ لینا چاہتے تھے۔
راستے میں واشک کی تحصیل ناگ سے تقریباً 10 کلو میٹر دور گھات لگائے نامعلوم دہشتگردوں نے قافلے پر حملہ کیا اورکلاشنکوف اور دیگر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ سیکورٹی سکواڈ میں شامل ایک گاڑی کو گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار حوالدار یحییٰ الدین اور سلانس نائیک سیف الرحمان شہید ہوگئے تاہم افسران محفوظ رہے۔
حملے کے بعد آئی جی ایف سی ساؤتھ اور کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز واشک کے ضلعی ہیڈ کوارٹر بسیمہ پہنچ گئے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
حملے میں علاقے میں سرگرم بلوچ علیحدگی پسند مسلح تنظیموں کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے جواس سے قبل بھی اس علاقے میں فورسز پر کئی بار حملے کرچکی ہیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں پنجگور اور واشک کے سرحدی علاقے میں ایف سی کے قافلے پر حملے میں لیفٹیننٹ کرنل عامر وحید سمیت تین اہلکار شہید اور موجودہ کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز کرنل شجیع اللہ قادری شدید زخمی ہوئے تھے۔
واشک ، آئی جی ایف سی کے قافلے پر حملہ ، 2اہلکار شہید، فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا
![]()
وقتِ اشاعت : October 25 – 2018