|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر شدید رد عمل کا اظہارکر تے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت سے قرضہ حاصل کرنے کو وزیر اعظم کی کامیابی قرار دینے کو ناکامی قرار دیا ہے تمام خرابیوں کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو قرار دے کر عمران نیازی اپنی نااہلی کو نہیں چھپا سکتے ۔

حکومت جس شرمندگی مایوسی اور گھبراہٹ میں کشکول لے کر گئی اس سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیاان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر وسینیٹر عثمان کاکڑ، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء وسینیٹر کبیر محمد محمد شہی نے ’’ آن لائن‘‘ سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے سعودی حکومت سے قرضہ حاصل کرنے کو وزیر اعظم کی کامیابی قرار دینے کو ناکامی قرار دیا ہے وزیر اعظم عمران خان گذشتہ برسوں میں جس بات پر ہمیں برا بھلا کہتے رہے آج اسی بات پر قوم کو مبارکباد دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی جب کہا تھا مر جاں گا، خودکشی کر لوں گا۔

لیکن کسی ملک سے قرضہ نہیں مانگوں گا۔ عمران خان کو آج قوم سے معافی مانگنی چاہیے تھی کہ وہ قوم سے مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں کہ قرض نہیں لوں گاانہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ کن شرائط پر سعودی عرب سے یہ رقم دی گئی ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ یہ رقم کہاں استعمال ہوگی اور حکومت کا معاشی وژن کیا ہے جس سے یہ قرض واپس ہو سکے گا۔ 

قوم کو بتایا جائے کہ یمن کے معاملے میں سعودی عرب سے کیا بات ہوئی۔ ثالثی سے کیا مراد ہے اور اس کی شرائط کیا ہیں۔ حکومت جس شرمندگی مایوسی اور گھبراہٹ میں کشکول لے کر گئی اس سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔2014

میں سعودی حکومت نے نواز شریف کی ساکھ، اعتماد اور احترام میں ڈیڑھ ارب ڈالر اعلانیہ تحفے میں پاکستان کو دیئے تھے۔ سعودی عرب نے حالیہ قرض عمران خان کو نہیں بلکہ پاکستان کو دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قرضہ نہ لینے کے دعوے کرکے اقتدار میں آنے والوں نے آج قرضے کو خوش خبری قرار دے دیا۔ سعودی عرب سے قرضے کی شرائط کے حوالے سے عمران خان پارلیمان کو اعتماد میں لیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر بظاہر اپوزیشن کی سیاست سے خوف زدہ حکمران کا خطاب تھا۔ این آر او بہانہ ہے، عمران خان کا مقصد قرضے کی خجالت مٹانا ہے انہوں نے کہا کہ تمام خرابیوں کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو قرار دے کر عمران نیازی اپنی نااہلی کو نہیں چھپا سکتے۔