|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2018

حب: حبکو پاور سروسز کے زیر اہتمام مقامی نوجوانوں کے فنی تعلیم کی فراہمی کے ادارے اپرنٹس شپ کے 15ویں بیج کے فارغ التحصیل طلباء کی تقریب اسناد گزشتہ رو ز پاور پلانٹ پر منعقد کی گئی جسکے مہمان خصوصی حبکو پاور سروسز کے اسٹیشن منیجر ڈاکٹر منیب احمد تھے ۔

تقریب میں فارغ التحصیل طلباء کے والدین علاقائی معززین سمیت لسبیلہ کے ایجوکیشن لیبر اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹس کے افسران بھی موجود تھے تقریب کے دوران اسٹیشن منیجر ڈاکٹر منیب احمد نے اپرنٹس شپ کا دو سالہ کورس مکمل کرنے والے طلباء میں اسناد تقسیم کیں اور انکے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ حب پاور سروسز نے 1996ء سے مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ہر مند بنانے کیلئے اپنے ادارے کے زیر اہتمام اپرنٹس شپ کا آغاز کیا اور آج اس اپرنٹس شپ کا 15ویں بیج فارغ ہو رہا ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ یہاں سے اپرنٹس شپ کا دو سالہ کورس مکمل کرنے والے طلباء نہ صرف حب پاور سروسز میں بلکہ حب کراچی اور ملک کے دیگر صنعتی اداروں میں کام کر رہے ہیں بلکہ بیرون ملک و سط ایشیائی ممالک خلجی ریاستوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر اپنے خاندانوں کی کفالت کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں ۔

انھوں نے مزید بتایا کہ حب پاور سروسز نہ صرف یہاں کے مقامی نوجوانوں کو ہنر سکھا کر آنے والے وقتوں کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے باصلاحیت بنا رہا ہے بلکہ اپنے سوشل ایکشن پروگرام کے تحت مقامی قریبی پڑوسی دیہاتوں کو صحت تعلیم روزگار اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہمہ تن وقت کوشاں رہتا ہے انھوں نے کہاکہ اسوقت حب پاور سروسز کے زیر اہتمام 6اسکولز چلائے جارہے ہیں ۔

جہاں پر 15سے16سو طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں حال ہی میں پیرکس کے علاقے میں TCFپرائمری اسکول کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ پاور پلانٹ کے قریب TCFاسکول کی اپ گریڈیشن بھی کی گئی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ حب پاور سروسز کا اپرنٹس شپ ایک کامیاب پروجیکٹ ہے جس سے آنے والے وقت میں ملک اور اس خطے میں سی پیک کے آنے سے ہنر مند افراد کی کھپت کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔

تقریب سے ٹیکنیکل منیجر سلیم قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپرنٹس شپ پروجیکٹ کے طلباء کا سلیکشن میرٹ کی بنیاد کیا جاتا ہے بعدازاں منتخب طلباء کو ایک سال درس وتدریس اور ایک سال فنی تعلیم اور فیلڈ ورک میں تربیت دی جاتی ہے ۔

تقریب سے حب پاور سروسز کے اپرنٹس کے ایک طالب علم ساجد آسکانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے 2010ء میں اپرنٹس شپ میں داخلہ لیا اور دوسالہ کورس مکمل کرنے کے بعد انہیں سعودی عرب میں ملازمت کی آفر ملی جسکے بعد وہ وہاں پر ملازمت کر رہے ہیں انھوں نے حب پاور سروسز کی خدمات کی تعریف کی۔