کوئٹہ: کوئٹہ کی مقامی عدالت نے پولیس افسر کی بیٹی سمیت کئی کم عمر بچوں کے ساتھ بدفعلی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر پولیس اہلکار کو دو مرتبہ سزائے موت سنادی۔
پولیس لائن کوئٹہ کے رہائشی سپاہی طیب رضا کاظمی پر جولائی 2015ء میں ڈی ایس پی کی کم عمر بیٹی کے ساتھ زیادتی اور عریاں تصاویر بنانے کا مقدمہ حقوق نسواں ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
دوران تفتیش مجرم کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون سے مزید بچوں کی عریاں تصاویر اور ویڈیوز ملی تھیں جس سے معلوم ہوا کہ مجرم نے کئی دیگر بچوں کیساتھ بھی بد فعلی کی ہے۔ شناخت پریڈ کے دوران بھی تین سے زائد متاثرہ بچوں نے مجرم کی شناخت کی۔ پولیس نے تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سات کوئٹہ محمد علی مبین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جرم ثابت ہونے پر بدھ کواپنا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے حکم سنایا کہ مجرم طیب رضا کاظمی کو دو مرتبہ سزائے موت دی جائے۔
جولائی 2015ء میں جب معاملہ سنایا آیا تو پولیس لائن کے رہائشی بہت مشتعل تھے اور وہ مجرم کے گھر کو آگ لگانا چاہتے تھے۔مجرم طیب شادی شدہ ہے اور دو بچوں کا باپ ہے۔
کوئٹہ، بچوں سے بدفعلی کا جرم ثابت ، پولیس اہلکار کو دو مرتبہ سزائے موت کا حکم
وقتِ اشاعت : November 1 – 2018