خضدار: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے ترقیاتی وژن نے کرخ میں خوشحالی و ترقیاتی دور کی نئی تاریخ رقم کردی،چندسالوں میں ترقیاتی منصوبوں کا ایساجال بچھایا گیا کہ سابق اور موجودہ کرخ میں بے پناہ تبدیلی رونماء ہوئی ، زندگی کے ہر شعبے کو ترقی دیدی گئی ہے۔
کرخ میں ان منصوبوں پر ایک ارب روپے خر چ کیئے گئے ہیں ، ترقی پسند قومی لیڈر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی اس خدمت سے کرخ کا ہر فرد خوش ہے اور انہیں نیک دعائیں دے رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار کرخ کے قبائلی معتبرین وڈیرہ محمد فاروق جاموٹ ، ڈسٹرکٹ کونسل ممبر میر جمعہ خان شکرانی ، چیرمین نذیر احمد ، چیئرمین غلام سرور ، ممتاز احمد و دیگر نے کرخ میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر کرخ کے سیاسی و سماجی افراد بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کرایا گیا ، اور ان منصوبوں میں سے بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جب کہ بعض منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مذید کہاکہ کرخ ایک پسماندہ ترین علاقہ سے نکل کر اب خوشحال علاقے کی تصویر کشی کررہاہے ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جس طرح یہاں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھادیا ہے وہ ان کی وہ کار کردگی وکردار وژن تاریخ کا حصہ بنے گی ۔
کئی وزراء اعلیٰ اور کئی حکومتوں کا دور گزرچکا اور کرخ کے عوام ان سے مطالبہ کرتا رہا کہ ہمیں بجلی دیں ،لیکن یہاں کے عوام کو یہ برقی سہولت میسر نہیں آسکی تاہم کرخ کے عوام کی یہ دیرینہ خواہش اس وقت پوری ہوگئی جب سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کرخ کے عوام کوبجلی جیسی زندگی کی سہولت کا منصوبہ بنیا اور اسے مکمل بھی کردیا ، یہ منصوبہ بیس کروڑ روپے سے زائد لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کرخ میں تعلیم کو بھی کافی حد تک فوقیت ملی ، کرخ میں انٹر کالج ، ہائر سیکنڈری اسکولز کا قیام عمل میں لائے جاچکے ہیں اور یہاں فرسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، پرائمری ومڈل ہائی اسکولز کافی تعداد میں یہاں بنائے گئے ہیں ، کرخ میں دو ہائی اسکولزجن میں بوائز اورگرلز اسکولزشامل ہیں وہ اپ گریڈ ہوچکے ہیں ، آٹھ کے قریب تعلیمی اداروں کا درجہ مل چکا ہے نئے بوائزو گرلز پرائمری اسکولز کاقیام عمل میں لایا جاچکا ہے ۔
تعلیم کے حوالے سے جو کمی تھی وہ کرخ میں پوری ہوگئی ہے اور یہاں کی نئی نسل کو تعلیم کی سہولت بہتر انداز میں میسر آرہی ہے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور اس کا اسٹاف کرخ کے لئے متعین ہے اور وہ اپنی جائے تعیناتی پر موجود ہیں اور یہاں تعلیم کی نگرانی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کرخ میں لائبری کا قیام عمل میں لایاجارہاہے جس پر تعمیراتی کام کرخ شہر کے عقب میں جاری ہے لائبریری کے قیام سے کتب بینی کے خواہشمند افراد کو اپنے ہی علاقے میں مطالعے کی سہولت میسر آئے گی
نواب زہری نے کرخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے، وڈیرہ فاروق جاموٹ
وقتِ اشاعت : November 3 – 2018