کوئٹہ: سی ٹی ڈی بلوچستان نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم مذہبی تنظیم کے اہم دہشتگرد کو مستونگ میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکاخیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیاگیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق بلوچستان پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر مستونگ میں کارروائی کی اور لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے غلام مرتضیٰ کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، نائن ایم ایم پستول اور پرائما کارڈ برآمدہوا۔ملزم سے برآمدہونیوالا دھماکا خیز مواد تخریبی کارروائیوں کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر حافظ نعمت کا قریبی ساتھی تھا۔ حافظ نعمت کی گرفتاری پر حکومت بلوچستان نے پچیس لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے۔ ملزم سات سال قبل سپاہ صحابہ کا ممبر بنا اور وہاں سے اس نے لشکر جھنگوی میں شمولیت اختیار کی اور تب سے کالعدم تنظیم کے ساتھ ہے۔
ملزم نے نواں کلی میں تنظیم کیلئے گھر بھی لیا ہوا تھا جہاں پر لشکر جھنگوی کے دہشتگرد تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کیلئے جمع ہوتے تھے۔ ملزم نے سریاب روڈ پر رکشہ میں سوار ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔
ملزم نے بتایا کہ اس نے عسکری تربیت مستونگ میں کالعدم تنظیم کے کوہ ماران میں واقع کیمپ میں حاصل کی۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ تفتان میں چار سال قبل پاکستان ہوٹل میں قیام پذیر زائرین پر خودکش حملہ اس وقت کے تنظیمی کمانڈر مفتی ہدایت اللہ نے کروایا تھااور خودکش حملہ آور کو برقعہ پہنا کر مستونگ سے تفتان منتقل کیا گیا تھا۔
اس حملے میں دس خواتین سمیت پچیس سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزم سے برآمد اسلحہ و بارود کا فارنزک تجزیہ کرایا جائیگا جس سے دہشتگردی کے دیگر مقدمات میں پیشرفت متوقع ہے۔
سی ٹی ڈی کی مستونگ میں کارروائی، کالعدم تنظیم کا اہم رکن گرفتار
وقتِ اشاعت : November 13 – 2018