خضدار: خضدارکے کونسلران کا میونسپل کارپوریشن ایڈ منسٹریٹو کے خلاف احتجاج ، آفس کے مین گیٹ کوتالا لگا کر اس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگا ئی ۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن خضدارکے کونسلران نے فنڈز ریلیز نہ کرنے اور صفائی کاموثر نظام نہ ہونے ، ملازمین کی تنخواہوں سے مبینہ کٹوتی اور کرپشن کے خلاف میونسپل کارپوریشن کے آفس کے مین گیٹ کو تالا لگا کر وہاں بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیااس موقع پر کیمپ میں پلے کارڈ بھی لگائے گئے تھے۔
جن پر مبینہ زیادتیوں کے خلاف نعرے لکھے گئے تھے ،بھوک ہڑتالی کیمپ میں کونسلر ان بشیراحمد مینگل ، عبیداللہ گنگو، چیف یاسر بلوچ ، عبدالصمد کرد و دیگر نے کہاکہ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نے ایم سی خضدار کا نظام جام کرکے رکھ دیا ہے۔
کئی عرصے سے ہمارے فنڈز کو ریلیز نہیں کیاجارہاہے ، کئی بار ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ہاؤس کے پابند کے ہیں لہذا میونسپل کارپوریشن ہاؤس کے مطالبات تسلیم کرلے لیکن وہ ایسا کرنے سے گریز کررہاہے ۔
ملازمین کو تنخواہیں بھی نہیں دی جارہی ہے اور ملازمین کی تنخواہوں سے مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے کٹو تی بھی کی جارہی ہے ، انہوں نے کہاکہ کئی ایسے دیگر مسائل ہیں کہ جو کہ چیف آفیسر کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں ،چیف آفیسر خضدار تن تنہا ادارے پر حکمرانی قائم کرنا چاہتا ہے اور تن تنہا ہی ادارے کو چلانے متمنی نظر آرہاہے جو کہ ہم کو کسی بھی طر ح قبول نہیں ہے۔
لہذا ان سے میونسپل کارپوریشن کو آذاد کیا جائے ،اور ہمیں ان کے چیف آفیسر بننے پر اعتراض ہے لہذا ان کا جلد تبادلہ کیاجائے اس موقع پر احتجاج کرنے والے کونسلر نعرے بازی بھی کررہے تھے ۔
دریں اثناء چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری نے کہاہے کہ کونسلران کا جو احتجاج ہے وہ بے مقصد اور ذاتی مفاد او رعناد کی خاطر ہے ،جب وہ کہیں ہم فنڈز ریلیز کردیں ایسا نہیں ہوسکتا ہے اس پر ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس کا چیئرمین کمشنر قلا ت ڈویژن ہیں ۔
جب تمام کاغذی کاروائی اور طریقہ کار پورا ہوگا تو وہ رقم فنڈز ریلیز کرنے کے ہم پابند ہونگے ، یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ تمام طریقہ کار کو بالائے طاق رکھ کر انہیں پیسے دیئے جائیں ، ان کا کہنا تھا کہ کونسلران کو یہی شکایت ہے کہ ان کی مدت ختم ہورہاہے اور وہ چاہتے ہیں کہ انہیں یہ پیسے جلد از جلد مل جائیں ۔
چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار کا کہنا تھا کہ خضدار میں صفائی کا موثر نظام بنا یا گیاہے جس کے لئے ہم نے سیکٹر اور زونز علاقے تشکیل دیدیئے ہیں ، یہ جو کونسلران بیٹھے ہیں ان میں سے ایسے لوگ ہیں کہ جن کے اپنے بندے سوئیپرز ہیں اوران کا ہمیشہ سے یہی مطالبہ و خواہش رہی ہے کہ ان کو گھر بیٹھے تنخواہیں ملیں ، جب ان کے اپنے سفارشی سوئیپرز ہونگے تو پھر یہ صفائی کے معالے پر کیونکر گلہ کرتے ہیں ، غیر قانونی کوئی کام نہیں کرسکتے ہیں تمام تر اقدامات قانونی اور طریقہ کار کے تحت ہونگے ۔
خضدار ، کونسلران کا میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریٹو کیخلاف احتجاج آفس کو تالا لگادیا
وقتِ اشاعت : November 13 – 2018