|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2018

 اسلام آباد: مخیر حضرات نے وزیرِ اعظم کے لاہور میں حالیہ اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کی تعمیر کے تمام اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم عمران خان سے لاہور سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات و مخیر حضرات کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وفد میں میاں محمد احسان، گوہراعجاز، میاں طلعت محمود، نور حضرت، ڈاکٹر عبدالباری خان، انواراحمد خان، عدیل سعید میر و دیگر شریک ہوئے۔وزیرِاعظم کے مشیر شہزاد ارباب اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے شیخ کومیل شیخ یونس کی قیادت میں داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اوروفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیر اعظم کومنصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، اس موقع پربوہرہ برادری کی طرف سے چیف جسٹس اوروزیراعظم پاکستان ڈیم فنڈکے لیے وزیر اعظم کو 3 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا گیا، وفد نے وزیراعظم کو سیف الدین انٹرنیشنل یونیورسٹی کراچی کے دورے کی دعوت دی۔