پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ پولیس آفیسر طاہر داوڑ کے قتل کی تحقیقات کسی بین الاقوامی ادارے سے نہیں کرائی جا رہیں، قتل کی انکوائری کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
شہید پولیس آفیسر ایس پی طاہر داوڑ کی رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ طاہر داوڑ کے اغواء اور قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دیدی ہے اور اس پر کام شروع ہوگیا ہے، ہمارے اداروں میں کسی بھی کیس کی تحقیقات کی صلاحیت ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ کسی بین الاقوامی ادارے سے تحقیقات نہیں کرائی جارہیں، اگر کوئی مطمئن نہ ہوا تو پھر آگے کا سوچیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا کام ہی تنقید کرنا ہے لیکن اسے چاہیے کہ مثبت تنقید کرے۔