|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2018

 لاہور: تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید کے بیٹے کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج کرکے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے صوبائی وزیر محمود الرشید کے بیٹے کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نے ایس ایچ او ریحان جمال کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے انہیں حراست میں لے لیا ہے، جن اہلکاروں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں ندیم،عثمان سعید اور عثمان مشتاق شامل ہیں۔

 

تحقیقات میں تینوں اہلکاروں کو قصور وار قرار دیکر ان کے خلاف پولیس آرڈر سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تینوں اہلکار گشت کے دوران جوڑوں کو پکڑتے اور ان کی ویڈیو بنا کر ان کو بلیک میل کرکے ان سے رقم وصول کرتے تھے۔

 

واضح رہے کہ ڈیرہ ماہ قبل پولیس نے ایک گاڑی کو روکا تھا جس میں محمود الرشید کے بیٹے کے ساتھ ایک لڑکی بھی تھی اور دونوں مبینہ طور پر قابل اعتراض حالت میں تھے۔ بیٹے نے اپنے گارڈز اور ساتھیوں کی مدد سے پولیس اہلکاروں کو سرکاری اسلحے و گاڑی سمیت اغوا کرلیا اور تھوڑی دور جاکر خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔