|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2018

ڈیرہ مراد جمالی:ایس ایس پی نصیرآباد عرفان بشیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی سے اغوا اورمستونگ کے قریب قتل ہونے والے معروف تاجر رہنما حاجی محمد نواز مینگل کے کیس کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی محمد نواز مینگل کے اغواء میں ملوث 2 اہم ترین منصوبہ ساز سمندر علی اور بیگ محمد کو سخت جدوجہد کے نتیجے میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے اور اپنے ساتھیوں اور سہولت کاروں کے بارے میں بھی سارے راز اگل دیئے ہیں کل 6 اغواکاروں میں سے 2 گرفتار جبکہ 4 کی گرفتاریوں کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے گرفتار ملزمان سے استعمال ہونے والا ایک کلاشنکوف بمع میگزین بھی برآمد کیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اغواء کے منصوبے کی سرپرستی کرنے والے سہولت کاروں میں بڑے بڑے نام سامنے آئے ہیں جن کو کسی دباؤ میں آئے بغیر گرفتار کر لیا جائے گا جس کیلئے آئی جی پولیس و دیگر اعلیٰ حکام کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سہولت کار بہت بڑے نامور اور بااثر شخصیات ہیں مگر ان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ان کو اپنے جرم کی سزا دلانے کیلئے ہم تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جس کیلئے بڑا آپریشن کیا جا رہا ہے جس میں ایف سی، سی ٹی ڈی و دیگر اداروں کی بھی مدد اور تعاون حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر گرفتاریوں کیلئے بڑے آپریشن میں اگر ہیلی کاپٹر یا بکتر بند گاڑیوں کی ضرورت پڑی بھی تو وہ بھی استعمال کریں گے اور کہاکہ مغوی کو اوستہ محمد میں رکھنے کے بعد مستونگ کے گروپ کو فروخت کردیا ہے ملنے والے مقتول کی نعش سے پتہ چل رہا ہے تشدد کیا گیا ہے ۔

انہوں نے پولیس اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اغواکاروں کی گرفتاری کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے تمام اہلکار اور افسران کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔