|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2018

 اسلام آباد: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر پاکستان کے سخت ردعمل اور احتجاج کے بعد امریکی حکام نے سفارتی سطح پر پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سینئر امریکی حکام نے پاکستان کی جانب سے ردعمل آنے کے بعد وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور واضح کیا کہ امریکا کو پاکستان کی طرف سے کیے گئے تعاون کی قدر ہے اور امریکا کو پاکستان کے مزید تعاون کی ضرورت رہے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے سفارتی سطح پررابطہ جاری رکھنےکی یقین دہانی بھی کرائی اور مائیک پومپیوکےدورہ میں کیےگئےفیصلوں پربات  جاری رکھنےکی بات کی۔امریکی حکام کی جانب سے دوطرفہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بے بنیاد الزامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا،  دفتر خارجہ نے امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور پال جونز کو طلب کرکے امریکی صدر کے حالیہ ٹویٹس پر مایوسی کا اظہار اور پاکستان کے حوالے سے غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات پر سخت احتجاج کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی امریکی صدر کے  پاکستان مخالف بیان پر  ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، ہم امریکی جنگ میں بہت نقصان اٹھا چکے اب وہی کریں گے جو ہمارے مفاد میں ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے ہم سے اربوں ڈالرز لیے لیکن بدلے میں  کچھ نہیں کیا۔