|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2018

اسلام آباد: دو روزہ انٹرنیشنل رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ مقدس ہستیوں کی توہین کرنا آزادی اظہار نہیں اور ناموس رسالتﷺ پر جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

 دو روزہ انٹرنیشنل رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، کانفرنس کا اعلامیہ ڈاکٹر بابر اعوان نے پڑھ کر سنایا جس کے مطابق انٹرنیشنل سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس نبی آخر الزماں ﷺ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور بین الاقوامی کنونشن کے حصول کے لئے وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام عالمین کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، آپ ﷺ نے انسانوں میں رنگ و نسل کی تفریق کو ختم کیا، خواتین کو برابری کا درجہ دیا اور دوسرے ادیان کے احترام کا درس دیا لیکن کچھ لاعلم اپنی جہالت سے دین کو اپنا رنگ دینا چاہتے اسکی مذمت کرتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ  مقدس ہستیوں کی توہین قابل تعزیر جرم ہے، دنیا یہ سمجھے کہ مقدس ہستیوں کی توہین کرنا کوئی آزادی اظہار نہیں، ناموس رسالت سے متعلق یورپی یونین کی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ناموس رسالتﷺکے لئے اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں، مسلم امہ کو اہل بیت اور صحابہ کرام کی مثال بننا چاہے۔